30.9 C
Karachi
Saturday, May 18, 2024

’ اگر عمران خان دہشتگرد ہے تو پھر ہم سب بھی دہشتگرد ہیں ‘، اسد قیصر

ضرور جانیے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے رکن قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی کے بانی عمران خان دہشت گرد ہیں تو ہم سب بھی دہشت گرد ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ صدارتی امیدوار محمود اچکزئی کے گھر پر پولیس کے چھاپے کی مذمت کرتے ہیں۔

اسد قیصر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو سائفر کو بنیاد بنا کر سزا دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف بندوق کی نوک پر سزائیں دی گئیں، عمران خان نے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور وہ کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، 19 گریڈ کا افسر ہمارے سفیر کو بلا کر ڈکٹیشن دیتا ہے، وہ سوالیہ نشان ہے۔ نواز لیگ اور شہباز شریف کہا کرتے تھے کہ کوئی سائفر نہیں، یہ جھوٹ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف ایک دن میں 14، 14 عدالتی کارروائی ہوتی ہے تو جج اسلحہ رکھنے کی سزا دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، انہوں نے کبھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی، وہ ملک میں رہیں گے اور حالات کا سامنا کریں گے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہمارا مینڈیٹ لوٹا گیا، ہمارا مطالبہ ہے کہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کی جائیں، یہ لوگ فارم 47 کے ذریعے الیکشن جیتتے ہیں، یہاں تک کہ ان کی بیویاں اور بچے بھی انہیں ایم این اے نہیں مانتے۔

بعد ازاں پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) نے اسد قیصر کی تقریر کے دوران پارلیمنٹ کی نشریات بند کردیں۔

پسندیدہ مضامین

پاکستان’ اگر عمران خان دہشتگرد ہے تو پھر ہم سب بھی دہشتگرد...