35.9 C
Karachi
Saturday, May 18, 2024

نامزد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری

ضرور جانیے

الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے خیبر پختونخوا کے نامزد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے الیکشن کمیشن کی توہین عدالت کیس میں نامزد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے مطابق علی امین گنڈاپور کیس میں پیش نہیں ہو رہے، علی امین گنڈاپور کی جانب سے وکیل بھی پیش نہیں ہوئے، ڈپٹی کمشنر ڈی آئی خان علی امین کو گرفتار کرکے 28 فروری کو پیش کیا جائے۔

پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپور کے خلاف درخواست وکیل راجہ ذوالقرنین نے 2021 کے انتخابات کے دوران دائر کی تھی۔

دوسری جانب لاہور پولیس نے علی امین گنڈاپور سمیت عام انتخابات 2024 میں منتخب ہونے والے 9 مئی کے اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے بھی حکمت عملی تشکیل دے دی۔

مطلوب کامیاب امیدواروں علی امین گنڈاپور، اسلم اقبال اور امتیاز شیخ سمیت متعدد اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے جیو فینسنگ، موبائل ٹریکنگ اور آئی پی ایڈریس ٹریکنگ کا عمل شروع کیا گیا۔

سانحہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی تحقیقات کے لیے قائم کی گئی جے آئی ٹی کا کہنا ہے کہ انتخابات میں نشستیں جیتنے والے اشتہاریوں کی گرفتاری قانون کے مطابق ہوگی، ملزمان انتخابی مہم اور نتائج کے دوران کارکنوں سے مسلسل رابطے میں تھے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نامزد کیا ہے۔ 13 فروری کو اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں عمران خان نے کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ان کے علاوہ تمام فریقین سے بات کی جائے۔

پسندیدہ مضامین

پاکستاننامزد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری