35.9 C
Karachi
Friday, May 17, 2024

پاکستان کی معاشی صورتحال بہتری کی راہ پر گامزن ہے، آئی ایم ایف رپورٹ

ضرور جانیے

اسلام آباد: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت کی سمت درست ہے، معاشی ترقی کی شرح 2 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے حوالے سے رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے، پاکستان کی معاشی شرح نمو 2 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

حکومت کے زرمبادلہ کے ذخائر 4.5 ارب ڈالر سے بڑھ کر 8.2 ارب ڈالر ہوگئے، جولائی 2023 سے پاکستان کی معیشت کی سمت درست ہے، پاکستان نے جولائی سے ستمبر تک معاشی بہتری کے تمام اہداف حاصل کرلیے ہیں۔

آئی ایم ایف کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں توانائی اصلاحات کی ضرورت ہے اور بجلی کی پیداواری لاگت بہت زیادہ ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں زرعی شعبہ قدرے بہتر ہے، زرعی شعبہ 5.1 فیصد کی شرح سے ترقی کر رہا ہے جبکہ پاکستان میں صنعتی شعبہ مشکلات کا شکار ہے، صنعتی شعبے کی شرح نمو صرف 2.5 فیصد ہے۔

ڈالر کے حوالے سے کہا گیا کہ پاکستان نے ڈالر کی اسمگلنگ کی روک تھام کو بہتر بنایا ہے، پاکستانی سرحدوں کے ذریعے ڈالر کی اسمگلنگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔

افراط زر کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح مئی 2023 میں 36 فیصد اور اکتوبر 2023 میں 26.8 فیصد تھی جبکہ رواں مالی سال پاکستان میں بے روزگاری کی شرح 8 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ مالی سال میں پاکستان میں بے روزگاری کی شرح 8.5 فیصد تھی۔

آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال میں محصولات اور گرانٹس جی ڈی پی کا 12.5 فیصد رہ سکتی ہیں، گزشتہ مالی سال محصولات اور گرانٹس جی ڈی پی کا 11.5 فیصد تھیں۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کا بجٹ خسارہ جی ڈی پی کا 7.6 فیصد رہنے کا امکان ہے، گزشتہ مالی سال کا بجٹ خسارہ جی ڈی پی کا 7.7 فیصد تھا جبکہ رواں مالی سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کا 1.6 فیصد تک رہ سکتا ہے۔ پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کا 0.7 فیصد تھا۔

آئی ایم ایف کا مزید کہنا تھا کہ نومبر 2023 میں مہنگائی بڑھ کر 29.2 فیصد ہوگئی، پاکستان میں ٹیکس اور نان ٹیکس ریونیو میں اضافہ حوصلہ افزا ہے، ٹیکس اور نان ٹیکس ریونیو میں اضافے سے خسارے پر قابو پایا گیا۔

پسندیدہ مضامین

کاروبارپاکستان کی معاشی صورتحال بہتری کی راہ پر گامزن ہے، آئی ایم...