35.9 C
Karachi
Saturday, May 18, 2024

پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پانچویں ٹی ٹونٹی میچ میں شکست دے دی

ضرور جانیے

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ کو 42 رنز سے شکست دے دی۔

پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 135 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 17.2 اوورز میں 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے گلین فلپس نے 22 گیندوں پر 26 اور اوپنر فن ایلن نے 19 گیندوں پر 22 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سیفرٹ 19 اور ول ینگ 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ راچن رویندر اور مارک چیمپمین صرف ایک، ایک رنز بنا سکے۔

پاکستان کی جانب سے افتخار احمد نے 24 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، محمد نواز اور کپتان شاہین آفریدی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ زمان خان اور اسامہ میر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے سیریز کے پانچویں میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن بیٹنگ لائن نے ایک بار پھر شائقین کو مایوس کردیا اور قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز ہی بنا سکی۔

اپنے پہلے میچ میں پاکستانی اوپنر حسیب اللہ پہلے اوور میں بغیر کسی رن کے سوتھی کی گیند پر فلپس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہونے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز محمد رضوان رہے جنہوں نے 38 گیندوں پر 38 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان 33، صاحبزادہ فرحان 19 اور پاکستان کی جانب سے اسٹار بلے باز بابر اعظم صرف 13 رنز بنا سکے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے اپنے اسپیل کے 4 اوورز میں 19 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ میٹ ہنری بھی 30 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

نیوزی لینڈ کے لوکی فرگوسن اور ایش سوڈی بھی 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجنے میں کامیاب رہے۔

کرائسٹ چرچ میں آج ہونے والے میچ کے لیے قومی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں، صائم ایوب، حارث رؤف اور وسیم جونیئر کو آرام دیا گیا ہے جبکہ نوجوان وکٹ کیپر بیٹسمین حسیب اللہ نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کیا ہے۔

شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں قومی اسکواڈ میں وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان، حسیب اللہ، بابر اعظم، فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان شامل ہیں۔

افتخار احمد، محمد نواز، اسامہ میر، عباس آفریدی اور زمان خان کے نام بھی پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آخری میچ کرائسٹ چرچ میں کھیلا جا رہا ہے۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پاکستان کو لگاتار چار ٹی ٹوئنٹی میچوں میں شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی تھی۔

پسندیدہ مضامین

کھیلپاکستان نے نیوزی لینڈ کو پانچویں ٹی ٹونٹی میچ میں شکست دے...