22.9 C
Karachi
Friday, December 1, 2023

پاکستانی عازمین کے لیے عمرہ ویزے کی مدت بڑھا کر 90 دن کردی گئی، سعودی وزیر

ضرور جانیے

سعودی وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے کہا ہے کہ پاکستانی عازمین کے لیے عمرہ ویزے میں 90 دن کی توسیع کردی گئی ہے اور سعودی عرب میں مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں مزید مقامات کو عازمین حج کے لیے کھول دیا جائے گا۔

ڈاکٹر توفیق نے نگران وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران سعودی حکومت کے فیصلے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے سعودی عرب آنے والے عازمین حج کو ان کی مذہبی زیارت کے دوران سہولت فراہم کی جائے گی، انہوں نے اس سلسلے میں پاکستانی اور سعودی حکام کے درمیان قریبی ورکنگ ریلیشن شپ کی یقین دہانی کرائی۔

حج اخراجات

انہوں نے مزید کہا کہ مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے دونوں مقدس شہروں میں مزید 100 تاریخی اور مذہبی مقامات کھولے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر توفیق نے حجاج کرام کے لئے حج اخراجات کو کم کرنے کی ریاض کی کوششوں کے بارے میں بھی بات کی کیونکہ پاکستان اور سعودی عرب دونوں کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں قیام کے دوران انہوں نے کئی اہم امور پر بات چیت کی جبکہ دونوں ممالک کے سول ایوی ایشن حکام نے ایک معاہدے پر دستخط کیے جس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حج اور عمرہ کی ادائیگی کے خواہشمند 65 سال سے زائد عمر کے پاکستانیوں کو بائیو میٹرک شرط سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں پاکستان ہاؤسز کے لئے متبادل مقامات کی فراہمی کی درخواست کی ہے کیونکہ دونوں مقدس مساجد کے احاطے میں توسیع کی گئی ہے۔

دریں اثنا ڈاکٹر توفیق نے صدر مملکت عارف علوی اور نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تعلقات بالخصوص معیشت کے شعبے میں مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔

انتہائی قدر کی نگاہ

انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو مشترکہ عقیدے، مشترکہ تاریخ اور عوام کے درمیان تعلقات پر مبنی ہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان میں آئی ٹی، قابل تجدید توانائی، صنعتی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے کلیدی شعبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر مملکت نے رواں سال حج کے بہترین انتظامات کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے مدینہ منورہ میں پاکستان ہاؤس کی خریداری میں تیزی آئے گی۔

انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے فورم کے ذریعے اہم مسلم مقاصد بالخصوص جموں و کشمیر تنازعہ، فلسطین اور افغانستان کے لئے سعودی عرب کی مسلسل حمایت کی تعریف کی۔ انہوں نے ایران کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت کو سراہا۔

بعد ازاں سعودی وزیر نے نگران وزیراعظم سے ملاقات کی جس میں وفد کا خیرمقدم کیا گیا اور مملکت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی مثبت راہ پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ انہوں نے محمد بن سلمان کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کا قابل اعتماد شراکت دار رہے گا۔

انہوں نے رواں سال حج سیزن کے دوران دنیا بھر سے حجاج کرام بالخصوص پاکستانیوں کے لئے بہترین انتظامات کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

امید ظاہر کی کہ پاکستانی حج اور عمرہ زائرین کو سعودی عرب کی جانب سے خصوصی سہولیات فراہم کی جاتی رہیں گی۔ انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت ی کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع میں دلچسپی لینے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔

پسندیدہ مضامین

پاکستانپاکستانی عازمین کے لیے عمرہ ویزے کی مدت بڑھا کر 90 دن...