30.9 C
Karachi
Tuesday, April 23, 2024

واٹس ایپ کا مقبول فیچر فیس بک کا بھی حصہ بن گیا

ضرور جانیے

جون 2023 میں میٹا نے انسٹاگرام کے حصے کے طور پر ٹیلی گرام چینلز جیسا فیچر بنایا جسے براڈکاسٹ چینلز کا نام دیا گیا۔

اس کے بعد ستمبر میں واٹس ایپ میں چینلز کا فیچر عالمی سطح پر متعارف کرایا گیا تھا۔

اب کمپنی نے اس فیچر کو فیس بک اور میسنجر میں بھی متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

میٹا نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا کہ چینلز کا فیچر آنے والے ہفتوں میں فیس بک اور میسنجر پر صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔

انسٹاگرام اور واٹس ایپ پر صارفین چینلز کے ذریعے بڑی تعداد میں لوگوں کے ساتھ ٹیکسٹ، تصاویر، ویڈیوز، اسٹیکرز اور پولز شیئر کرسکتے ہیں۔

چینلز کو لوگ فالو کر سکتے ہیں لیکن اس پر پوسٹ نہیں کیا جا سکتا۔

میٹا کے مطابق فیس بک پر یہ فیچر پیجز کے لیے دستیاب ہوگا اور فی الحال سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پیجز چلانے والے صارفین میں اس کی آزمائش کی جا رہی ہے۔

انسٹاگرام اور واٹس ایپ چینلز کا فیچر کافی مقبول ہے جو لوگوں کو اپنے پسندیدہ موضوعات کے بارے میں جاننے یا مشہور شخصیات سے اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

واٹس ایپ اور انسٹاگرام پر مختلف پرسنلٹی چینلز کے فالوورز کی تعداد کروڑوں میں ہے۔

اس فیچر کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے میٹا نے اسے اپنے سب سے بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ پہلی بار نہیں ہے کہ میٹا نے کسی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ایک مقبول فیچر کو اپنی ایپ کا حصہ بنایا ہے۔

اس سے قبل اسنیپ چیٹ کی اسٹوریز اور ٹک ٹاک کی مختصر ویڈیوز جیسے فیچرز بھی میٹا ایپس کا حصہ بن چکے ہیں۔

پسندیدہ مضامین

ٹیکنالوجیواٹس ایپ کا مقبول فیچر فیس بک کا بھی حصہ بن گیا