تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کو کراچی سے گرفتار کر لیا گیا.کراچی-پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 9 مئی کو ملک گیر احتجاج کے بعد گرفتار کیے گئے رہنماؤں کی فہرست میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی شامل ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق گورنر سندھ کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 سے حراست میں لے لیا۔ پی ٹی آئی رہنما کو درخشاں تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ ہفتے عمران خان کی گرفتاری کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں کے بعد پی ٹی آئی کے کئی سینئر رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ ان میں سے کچھ گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش ہوگئے تھے۔
کرپشن کے الزام میں عمران خان کی گرفتاری کے بعد ان کے حامیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان جھڑپوں میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
اب تک پولیس نے شاہ محمود قریشی، اسد عمر، علی محمد خان، علی زیدی، عمر سرفراز چیمہ، فردوس شمیم نقوی شہریار آفریدی، مسرت چیمہ، شیریں مزاری، ملیکا بخاری، سینیٹر فلکناز چترالی، یاسمین راشد اور دیگر رہنماؤں کو گرفتار کیا ہے۔
عمران خان اور فواد چوہدری کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے رہا کر دیا تھا اور اب وہ دیگر مقدمات میں ضمانتیں حاصل کرنے میں مصروف ہیں جبکہ دیگر پارٹی رہنماؤں کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔
شیریں مزاری، سینیٹر چترالی، بخاری، راشد اور علی محمد کو وفاقی دارالحکومت میں ہائی کورٹ کی جانب سے ‘غیر قانونی’ قرار دیے جانے کے چند گھنٹوں بعد دوبارہ گرفتار کیا گیا تھا۔
کراچی سے پولیس نے زیدی اور نقوی کو گرفتار کیا جبکہ زیدی اور نقوی کو اب جیکب آباد جیل منتقل کردیا گیا ہے جبکہ نقوی کو سکھر جیل میں رکھا گیا ہے۔