لاہور (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں برف باری اور بارشیں ہوں گی جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ بلوچستان کے شمالی اضلاع سے گزرنے والی N50 اور N25 شاہراہیں برف سے ڈھکی ہوئی ہیں جب کہ برف سے ڈھکی متعدد رابطہ سڑکوں کو عوام کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
مری میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد سیاحوں کی بڑی تعداد مال روڈ پہنچ گئی ہے۔ آٹھ انچ کی گہرائی میں برف نے ہر چیز کو ڈھانپ لیا ہے جبکہ درجہ حرارت منفی دو ڈگری تک گر گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے مزید چھ گھنٹے تک جاری رہے گا۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہو گی۔ وزیرآباد اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے جبکہ سطح اولوں سے سفید ہو گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے جب کہ ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور شانگلہ میں درمیانی سے بھاری برفباری کا امکان ہے۔ پوٹھوہار، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین کے علاقوں میں بارش اور سیالکوٹ میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں چند مقامات پر درمیانے سے شدید برفباری کا امکان ہے۔
اسلام آباد میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ہے۔