پاکستان اور بھارت ایشیا کپ اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ورلڈ کپ میچوں کے علاوہ ایک دوسرے کے آمنے سامنے نہیں ہوتے، لیکن جب وہ ایسا کرتے ہیں تو جذبات بھڑک اٹھتے ہیں اور شائقین اس شاندار مقابلے کو دیکھنے کے لیے اپنی سکرین پر چپک جاتے ہیں۔
سری لنکا کے پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا میچ بارش کی وجہ سے متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔
تاہم تازہ ترین پیش گوئی سے ظاہر ہوتا ہے کہ کینڈی کا موسم خوشگوار ہوگیا ہے اور بارش کے امکانات کم ہوگئے ہیں جبکہ پچھلی پیش گوئی میں کہا گیا تھا کہ میچ کے دوران بارش کا امکان 70 فیصد سے زیادہ تھا۔
قبل ازیں یہ پیش گوئی کی گئی تھی کہ کینڈی میں پورے دن بارش ہوگی لیکن تازہ ترین پیش گوئی سے پتہ چلتا ہے کہ آج صرف ایک گھنٹے تک بارش ہوگی۔
بارش کا امکان
تازہ ترین پیش گوئی کے مطابق دوپہر 2 بجے سے سہ پہر 3 بجے کے درمیان بارش کا امکان 40 سے 60 فیصد ہے جبکہ کینڈی میں سہ پہر 3:30 بجے کے بعد بارش کا صرف 20 فیصد امکان ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ آج پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آخری بار 50 اوورز کے میچ میں مقابلہ ہوا تھا جب آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں بلیوز نے فتح حاصل کی تھی۔
یہاں تک کہ آئی سی سی ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ 2022 کے دوران آسٹریلیا کے مشہور میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والے اپنے حالیہ مقابلے میں بھی ہندوستان نے جیت حاصل کی تھی۔
اگر بارش نے آج کھیل میں خلل ڈالا تو دونوں ٹیمیں اگر گروپ مرحلے سے آگے نکل جاتی ہیں تو سپر فور مرحلے میں ایک بار پھر آمنے سامنے آسکتی ہیں۔
ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت گروپ اے میں نیپال کے ساتھ ہیں۔ جبکہ بنگلہ دیش اور سری لنکا گروپ بی میں افغانستان کے ساتھ ہیں۔
پلیئنگ الیون
بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، فخر زمان، امام الحق، سلمان علی آغا، افتخار احمد، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد نواز، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف۔
بھارت: روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل، وراٹ کوہلی، شریاس ایر، ایشان کشن(وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا، رویندر جڈیجہ، شردل ٹھاکر/ محمد شامی، کلدیپ یادو، محمد سراج اور جسپریت بمرا۔