پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے پاک چین تعلقات کو منفرد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کی افواج اجتماعی مفادات کا تحفظ جاری رکھیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے قیام کی 96 ویں سالگرہ کے موقع پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ عوامی جمہوریہ چین کے سفارت خانے کے ناظم الامور پینگ چن ژو، ڈیفنس اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے افسران نے تقریب میں شرکت کی۔
آرمی چیف نے دونوں ممالک، افواج اور عوام کے درمیان گہرے تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات منفرد اور مضبوط ہیں جس نے تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں اپنی لچک کا ثبوت دیا ہے۔
بھائی بھائی
انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور پی ایل اے آپس میں بھائی بھائی ہیں اور ہمارے تعلقات ہمارے اجتماعی مفادات کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چینی سفارتکار نے پی ایل اے کے قیام کی 96 ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب کی میزبانی کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔
چینی حکام جی ایچ کیو میں پی ایل اے کے قیام کی 96 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب میں شرکت کر رہے ہیں۔ – آئی ایس پی آر
چینی حکام جی ایچ کیو میں پی ایل اے کے قیام کی 96 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب میں شرکت کر رہے ہیں۔ – آئی ایس پی آر
چینی سفارت کار نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان ہر موسم میں اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری وقت کی آزمائش اور بین الاقوامی منظرنامے کی تبدیلی پر پورا اتری ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان نے مشترکہ طور پر سی پیک کے آغاز کی 10 ویں سالگرہ منائی ہے اور گزشتہ مہینوں میں آرمی چیف اور دیگر فوجی رہنماؤں نے چین کے کامیاب دورے کیے ہیں جس سے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعلقات کو تقویت ملی ہے۔
قوم کی تعمیر
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے پی ایل اے کو مبارکباد دی اور چین کے دفاع، سلامتی اور قوم کی تعمیر میں اس کے کردار کو سراہا۔
گزشتہ ہفتے چین کے نائب وزیر اعظم ہی لیفنگ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی 10 ویں سالگرہ منانے کے لیے تین روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی حکام نے سی پیک کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کا ایک اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اربوں ڈالر کے اس منصوبے نے پاکستان کے عوام کی زندگیوں کو نمایاں طور پر تبدیل کردیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ دونوں ممالک سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں سرمایہ کاری، ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
چین کے صدر شی جن پنگ نے سی پیک کی دہائی کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستان کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی منظرنامہ چاہے کتنا ہی تبدیل کیوں نہ ہو، چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
چینی نائب وزیر اعظم کے دورے کے دوران دونوں ممالک نے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے مقصد سے چھ مفاہمت ی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے۔