نیوزی لینڈ نے ون ڈے سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا.آکلینڈ-نیوزی لینڈ نے پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جبکہ ثقلین مشتاق کو اسسٹنٹ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے اواخر میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی جس کے دوران دونوں ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کھیلیں گی۔
ٹام لیتھم ٹیم کی قیادت کریں گے
سرکاری بیان کے مطابق ٹام لیتھم ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ بین لیسٹر اور کول میک کونچی دورے کے دوران ڈیبیو کریں گے۔
کینٹربری کے باقاعدہ کپتان پاکستان کا دورہ کرنے والے ٹی 20 اسکواڈ کا بھی حصہ ہیں اور ڈومیسٹک کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں مضبوط سیزن کی بنیاد پر سلیکشن حاصل کرچکے ہیں۔
میک کونچی نے تمام فارمیٹس میں 1140 رنز بنائے ہیں جو اس سیزن میں کسی بھی کھلاڑی کے مقابلے میں دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ انہوں نے آٹھ وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔
لیسٹر حال ہی میں مکمل ہونے والی اے این زیڈ ون ڈے سیریز کے دوران سری لنکا کے خلاف ون ڈے اسکواڈ میں شامل تھے لیکن وہ میدان میں نہیں اترے اور انہیں اس سال کے اوائل میں بھارت کے خلاف اپنے بین الاقوامی ٹی 20 ڈیبیو میں شامل ہونے کا موقع ملا۔
ون ڈے ڈیبیو کرنے والے چاڈ بوئس،
15 رکنی اسکواڈ میں حال ہی میں ون ڈے ڈیبیو کرنے والے چاڈ بوئس، راچن رویندر اور ہنری شپلے کو بھی مزید مواقع ملے ہیں۔
ان نئے چہروں کو تجربہ کار کھلاڑیوں نے متوازن کیا ہے جن میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے فائنل میں جگہ بنانے والی ٹیم کے چھ ارکان بھی شامل ہیں۔
اسکواڈ میں شامل 9 کھلاڑیوں کو پاکستان میں حالیہ تجربہ بھی ہے، جو اس سال کے اوائل میں کراچی میں کھیلے گئے ٹیسٹ یا ون ڈے اسکواڈ میں شامل ہیں۔
سفری اسکواڈز کو پاکستانی کنڈیشنز میں اضافی تجربے سے بھی فائدہ ہوگا اور ثقلین مشتاق اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے گروپ میں شامل ہوں گے۔
نیوزی لینڈ کے کوچ گیری اسٹیڈ کا کہنا ہے کہ وائٹ بال کے دونوں فارمیٹ میں پاکستان کا مقابلہ کرنے کا امکان دلچسپ ہے۔
وائٹ بال فارمیٹ
انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ سیزن میں وائٹ بال فارمیٹ میں پاکستان کے خلاف کئی دلچسپ میچوں کا لطف اٹھایا ہے۔ وہ ایک سخت ٹیم ہیں چاہے آپ انہیں کہیں بھی لے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سال کے اوائل میں پاکستان میں کامیاب ون ڈے سیریز نے کھلاڑیوں کو سیکھنے کے بڑے مواقع فراہم کیے اور ورلڈ کپ سال میں زیادہ ون ڈے میچ کا تجربہ ہونا شاندار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ثقلین کی طرح تجربہ رکھنے والے کھلاڑی کی موجودگی ٹیم کے لیے بہت حوصلہ افزا ہے اور ہم اس بصیرت کے منتظر ہیں جو وہ مقامی کنڈیشنز سے نمٹنے کی تیاریوں میں مدد دے سکتے ہیں اور خاص طور پر وہ ہمارے اسپن بولنگ گروپ کو جو مدد فراہم کرسکتے ہیں۔
اسٹیڈ نے کہا کہ اس سیزن میں میک کونچی کی مستقل مزاجی متاثر کن رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کول کئی سیزن سے کینٹربری اور نیوزی لینڈ میں اے لیول کے کپتان رہے ہیں لیکن اس موسم گرما میں تمام فارمیٹ کے میچ جیتنے میں ان کی خدمات نمایاں رہیں۔
بلے اور گیند کے ساتھ ان کی مہارت قابل قدر ہے، خاص طور پر ان حالات میں جن کا ہمیں اس دورے میں سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اسٹیڈ نے کہا کہ ایسز کے لیے کھیلنے والے لیسٹر نے بلیک کیپس کے ماحول میں شامل ہونے کے بعد سے سیکھنے کی خواہش سے کوچنگ گروپ کو متاثر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ڈیبیو کرنا ایک بڑا چیلنج ہے اور یہ دیکھ کر بہت اچھا لگا کہ بین اس کے بعد سے ہر موقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
نیوزی لینڈ کا ون ڈے اسکواڈ:
ٹام لیتھم (کپتان)، ٹام بلنڈل، چاڈ بوئس، میٹ ہنری، بین لیسٹر، کول میک کونچی، ایڈم ملن، ڈیرل مچل، جمی نیشم، ہینری نکولس، راچن رویندر، ہنری شپلے، ایش سودھی، بلیئر ٹکنر، ول ینگ۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز کے اختتام کے اگلے روز 9 اپریل کو کوئنز ٹاؤن میں اسکواڈ روانہ ہوگا۔
پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 14 اپریل کو لاہور میں کھیلا جائے گا جبکہ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بدھ 26 اپریل سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔