اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے القادر ٹرسٹ کیس کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کی کابینہ کے 22 ارکان کی جانب سے خریدی گئی گاڑیوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب سے سابق کابینہ ارکان کے نام پر رجسٹرڈ گاڑیوں کی تفصیلات طلب کرلی گئیں۔
ذرائع کے مطابق القادر ٹرسٹ کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں کابینہ کے سابق ارکان کے اثاثوں کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔
سابق کابینہ ارکان کا تعلق پی ٹی آئی سے تھا جن میں سے کچھ نے 9 مئی کے تشدد کے بعد پارٹی چھوڑ دی تھی اور 2018 سے 2022 کے درمیان اس کے اتحادی تھے جب پارٹی اقتدار میں تھی۔
ان میں اسد عمر، شیریں مزاری، پرویز خٹک، فواد چوہدری، حماد اظہر، اعظم خان سواتی، شیخ رشید احمد، بابر اعوان، عمر ایوب خان، شفقت محمود، فیصل واوڈا، مراد سعید، علی امین خان گنڈاپور، سید علی حیدر زیدی، خسرو بختیار، غلام سرور خان، زبیدہ جلال، اعجاز احمد شاہ، خالد مقبول صدیقی، محمد فروغ نسیم، محمد سومرو اور صاحبزادہ محمد محبوب سلطان شامل ہیں۔
محکمہ ایکسائز پنجاب سے 22 سابق وزراء کے نام رجسٹرڈ گاڑیوں کا ریکارڈ طلب
مراسلہ
نیب راولپنڈی نے صوبائی ایکسائز ڈپارٹمنٹ کو ایک مراسلہ جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ نیب راولپنڈی قومی احتساب آرڈیننس 1999 کی دفعات کے تحت بدعنوانی اور بد عنوانی کے الزامات پر کابینہ کے 22 سابق ارکان کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ اس کے پیش نظر آپ سے درخواست کی جاتی ہے کہ جنوری 2018 سے اب تک کی مدت کے دوران کسی بھی گاڑی کی فروخت / خریداری کی مصدقہ دستاویزات کی تفصیلات / کاپیاں 20 جون 2023 تک مندرجہ ذیل افراد کے نام پر فراہم کریں۔
نیب کے ترجمان کاشف زمان کے مطابق یہ خط چند روز قبل جاری کیا گیا تھا تاہم اس میں حتمی تاریخ نہیں بتائی گئی۔
واضح رہے کہ 9 مئی کو نیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کو القادر یونیورسٹی کی زمین کے غیر قانونی حصول اور تعمیر اور رئیل اسٹیٹ ٹائیکون اور بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض کو 50 ارب روپے قانونی شکل دے کر فائدہ پہنچانے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے نیم فوجی دستوں کی جانب سے پی ٹی آئی سربراہ کی گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کیا گیا جس کے دوران فوجی تنصیبات سمیت متعدد سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔
نیب نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 7 جون کو بطور ملزم نہیں بلکہ بطور گواہ طلب کیا تھا۔
عمران خان 23 مئی کو نیب راولپنڈی آفس میں تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے جہاں ان سے تقریبا چار گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔
‘غیر قانونی رقم’
جب عمران خان سے برطانیہ سے ملنے والی رقم کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ رقم رجسٹرار سپریم کورٹ آف پاکستان کے نام پر کھولے گئے اکاؤنٹ میں پاکستانی روپے میں تبدیل ہونے کے بعد جمع ہوئی۔ اگر منتقل کی گئی رقم ‘غیر قانونی رقم’ ہے اور بحریہ ٹاؤن اس سے مستفید ہو رہا ہے تو یہ واقعی عجیب بات ہے کہ آج تک آپ نے بی ٹی ایل کے (بحریہ ٹاؤن) کے مالکان کے خلاف کوئی تادیبی اقدامات نہیں کیے یا مذکورہ رقم کی وصولی کے لیے سپریم کورٹ آف پاکستان کو اس بنیاد پر درخواست نہیں دی کہ یہ غیر قانونی رقم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چونکہ انہیں نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) اور ملک ریاض کے درمیان تصفیے کے بارے میں علم نہیں تھا اس لیے انہوں نے شہزاد اکبر کی بریفنگ پر انحصار کیا کہ ‘یہ رقم مدعا علیہان (بحریہ ٹاؤن) کی ذمہ داری کے خلاف پاکستان واپس کی جانی تھی۔
انہوں نے بحریہ ٹاؤن کے مالک کے خلاف کارروائی کرنے میں نیب کی ناکامی کی نشاندہی کرتے ہوئے تحقیقات کی ساکھ پر بھی سوال اٹھایا۔
تحقیقات کا سامنا کرنے والے کابینہ کے 22 ارکان میں سے کئی نے نیب کو یہ بھی بتایا ہے کہ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی اور پی ٹی آئی حکومت کے درمیان ہونے والے معاہدے کو کابینہ کے اجلاس کے دوران ایک بند لفافے میں ان کے سامنے پیش کیا گیا تھا۔
انہوں نے دعوی کیا کہ دستاویز کے مندرجات کو دیکھے بغیر منظوری دی گئی تھی۔
2019 میں سائنس و ٹیکنالوجی کے وزیر فواد چوہدری نے نیب کو بتایا کہ انہوں نے کابینہ کے سامنے مہر بند لفافے میں پیش کیا جانے والا ‘معاہدہ’ نہیں دیکھا۔
عوامی مسلم لیگ
اسی طرح عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور حکومت میں پی ٹی آئی کے اتحادی شیخ رشید نے کہا کہ انہوں نے کابینہ کے اس اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی جہاں این سی اے کے ساتھ سمجھوتے کی منظوری دی گئی تھی۔
نیب کو دیے گئے اپنے جواب میں سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ان کے سابق احتساب عدالت کے سربراہ شہزاد اکبر کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہیں اور ان کے ساتھ بات چیت بھی نہیں ہو رہی ہے۔ علاوہ ازیں سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اس کیس کے معمار اور ماسٹر مائنڈ تھے۔