کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مقامی انتظامیہ نے ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے 9 اور 10 محرم الحرام یعنی 28 جولائی اور 29 جولائی کو موبائل سروس معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلوچستان صالح محمد ناصر نے جیو نیوز کو بتایا کہ موبائل سروس بھی آج (7 محرم، 26 جولائی) معطل رہے گی۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے پہلے ہی کوئٹہ ڈویژن میں یکم محرم سے 12 محرم تک ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے (یعنی یہ پابندی 31 جولائی تک برقرار رہے گی)۔
گزشتہ ہفتے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اعلان کیا تھا کہ کراچی کے کچھ علاقوں میں موبائل سروسز 10 محرم (29 جولائی) تک جزوی طور پر معطل رہیں گی۔
ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹر کا کہنا ہے کہ سروسز معطل کرنے کا فیصلہ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے یہ ردعمل متعدد شکایات موصول ہونے کے بعد سامنے آیا کیونکہ صارفین کا کہنا تھا کہ کچھ علاقوں میں مختلف اوقات میں موبائل سروسز متاثر ہورہی ہیں جبکہ کچھ لوگوں کو مکمل شٹ ڈاؤن کا سامنا ہے۔
عاشورہ کے موقع پر موبائل سروس معطل اور سڑکیں بند رہنے کے باعث وفاقی حکومت نے 28 اور 29 جولائی کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
سندھ حکومت نے سی آر پی سی کی دفعہ 144 کے تحت متعدد اقدامات کے تحت 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کردی ہے تاکہ عاشورہ کے دنوں کی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہیں۔
علاوہ ازیں وفاقی حکومت نے محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ملک بھر میں مسلح افواج کی تعیناتی کی بھی منظوری دی تھی۔