پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے سابق کپتان محمد یوسف کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری دے سکتا ہے۔
سماء ٹی وی کے ذرائع کے مطابق پی سی بی اور مکی آرتھر کے درمیان ڈیل ابھی فائنل نہیں ہوئی اس لیے محمد یوسف کو سیریز کے لیے عبوری ہیڈ کوچ بنایا جائے گا۔
افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے سپورٹ اسٹاف اور ہیڈ کوچ کا اعلان پی سی بی آئندہ چند روز میں کرے گا۔
افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان بھی جلد کیا جائے گا۔ تین ٹی ٹوئنٹی میچز 25، 27 اور 29 مارچ کو کھیلے جائیں گے۔
محمد یوسف اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور ایشیا کپ کے دوران بھی ثقلین مشتاق کے ساتھ بطور بیٹنگ کوچ کام کر چکے ہیں۔