اسلام آباد-حکومت جاپان نے ملتان میں ویدر سرویلنس ریڈار کی تنصیب کے منصوبے کیلئے 76کروڑ جاپانی ین (5.7ملین امریکی ڈالر) کی اضافی رقم فراہم کردی۔ منصوبے کی کل لاگت 2.042 بلین جاپانی پاؤنڈ تک پہنچ گئی۔
وزارت اقتصادی امور کے سیکریٹری ڈاکٹر کاظم نیاز اور جاپانی سفارت خانے نے ایٹو تاکیشی کے توسط سے پیر کے روز اپنی اپنی حکومتوں کی جانب سے نوٹوں کے تبادلے پر دستخط کیے۔
اس منصوبے کا مقصد جدید ترین ریڈار سسٹم کی تنصیب کے ذریعے موسمیاتی مشاہدے، موسم کی پیش گوئی اور انتباہات کے پھیلاؤ میں محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔
یہ منصوبہ قدرتی آفات کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کو کم کرنے اور زرعی مصنوعات اور نقل و حمل کو بڑے پیمانے پر نقصانات کو کم کرنے میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ دوطرفہ اور دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک زیادہ تر علاقائی اور بین الاقوامی امور پر باہمی موقف رکھتے ہیں۔
جاپانی اقتصادی امداد پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے جاپانی حکومت اور عوام کی مسلسل حمایت کی تعریف کی اور مستقبل میں دونوں فریقوں کے درمیان مزید بامعنی تعاون کے لئے تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔