25.9 C
Karachi
Friday, April 19, 2024

اسرائیلی فوج کی جبالیہ کیمپ پر بمباری، مزید 90 فلسطینی شہید

ضرور جانیے

غزہ: غزہ پر اسرائیلی جارحیت جاری ہے، اسرائیلی فضائیہ نے جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں مزید 90 فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ کے جبالیہ کیمپ میں شہاب خاندان کے گھر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 20 افراد شہید اور 100 زخمی ہوئے جبکہ گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔

اس سے قبل صیہونی فورسز نے خان یونس کے ناصر ہسپتال پر ٹینکوں سے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک 13 سالہ بچی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

دوسری جانب رفاہ میں ایک عمارت پر فضائی حملے میں 4 فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ مغربی کنارے میں 5 شہری بھی اسرائیلی بربریت کا نشانہ بنے۔ دونوں حملوں میں متعدد فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔ بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اسرائیلی فورسز نے غزہ میں کمال ادواں اسپتال کا محاصرہ ختم کردیا تاہم عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے شمالی غزہ میں کمال ادوان اسپتال کی تباہی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمال ادواں اسپتال کی غیر فعالیت کے باعث 8 افراد شہید ہوئے ہیں۔

دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین کے بعد اسرائیلی فورسز نے نور الشمس کیمپ پر حملہ کردیا، اسرائیلی طیارے کے حملے میں مزید 5 فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ اسرائیلی فورسز نے ایمبولینسز کو بھی کیمپ جانے سے روک دیا۔

دوسری جانب مصری حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل، قطر اور مصری حکام کے درمیان غزہ میں نئی عارضی جنگ بندی کے لیے مذاکرات شروع ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 18 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ 50 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

پسندیدہ مضامین

انٹرنیشنلاسرائیلی فوج کی جبالیہ کیمپ پر بمباری، مزید 90 فلسطینی شہید