15.9 C
Karachi
Friday, February 23, 2024

غزہ : اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا باقاعدہ آغاز

ضرور جانیے

غزہ: اسرائیل اور حماس کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت غزہ میں عارضی جنگ بندی کا آغاز ہو گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عارضی جنگ بندی کا آغاز غزہ کے مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے ہوا جو آئندہ 4 روز یعنی منگل کی صبح 7 بجے تک جاری رہے گی۔

حماس ابتدائی طور پر 13 اسرائیلی خواتین اور بچوں کو رہا کرے گی۔

قطر میں ثالثوں کا کہنا تھا کہ یرغمالیوں کو روزانہ کی بنیاد پر رہا کیا جائے گا اور 4 روز میں مجموعی طور پر 50 یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا، جنگ بندی کے فوری بعد غزہ میں انسانی امداد کا آغاز کیا جائے گا۔

قطری اعلامیے کے مطابق جنگ بندی جامع ہوگی اور اس کا اطلاق شمالی غزہ کے ساتھ ساتھ جنوبی غزہ میں بھی یکساں طور پر ہوگا۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کا کہنا ہے کہ وہ فہرست موصول ہونے کے بعد جمعے کو رہائی پانے والے یرغمالیوں کے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ فہرست میں کون شامل ہے۔

خواتین اور 18 سال سے کم عمر افراد

دونوں اطراف سے خواتین اور 18 سال سے کم عمر افراد کو رہا کیا جائے گا جبکہ فلسطینیوں کو اسرائیل کی تین جیلوں سے رہا کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ جنگ بندی کے بعد کئی گھنٹوں تک لڑائی جاری رہی، جمعرات کو غزہ کے شمال میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور علاقے میں دھوئیں کے موٹے بادل چھائے رہے۔ حکام کے مطابق غزہ شہر کا ایک ہسپتال بمباری کے ہدف میں شامل ہے۔ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج نے غزہ پر 300 سے زائد حملے کیے۔

دونوں فریقوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ لڑائی دوبارہ شروع ہونے سے پہلے یہ تعطل عارضی ہوگا۔

اسرائیلی فوجی طیاروں کی پروازیں

غزہ پٹی کے جنوبی علاقوں سے اسرائیلی فوجی طیاروں کی پروازیں روک دی گئی ہیں جبکہ قطر نے دوحہ میں آپریشن روم قائم کر رکھا ہے جہاں اسے غزہ سے بروقت معلومات حاصل ہوں گی۔

قطری نشریاتی ادارے کے مطابق قطر کے نمائندے جیمز بے کا کہنا تھا کہ وہ اسرائیلی فوج اور حماس سے براہ راست رابطے میں ہیں، ہم کوشش کریں گے کہ جنگ بندی جاری رہے، جنگ بندی چار روز تک جاری رہے گی۔ یہ چار دن تک چل سکتا ہے اور پھر وہ امید کر رہے ہیں کہ یہ چار دن سے آگے بھی جاری رہ سکتا ہے۔

اسرائیل اور حماس کے درمیان چار روزہ جنگ بندی شروع ہونے کے ایک گھنٹے بعد امدادی ٹرک مصر سے غزہ میں داخل ہونا شروع ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹی وی فوٹیج میں مصر سے غزہ میں داخل ہونے والے ٹرکوں کو دکھایا گیا ہے۔

ویڈیو میں نظر آنے والے مصری تنظیموں سے تعلق رکھنے والے دو ٹرکوں نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا کہ یہ امداد ‘غزہ میں ہمارے بھائیوں کے لیے’ ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل نے غزہ میں جنگ بندی ایک روز کے لیے ملتوی کردی تھی، اسرائیل کے قومی سلامتی کے مشیر کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کا آغاز جمعے سے ہوگا اور اس سے قبل کسی قیدی کو رہا نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری میں 15 ہزار کے قریب شہری شہید اور 7 ہزار فلسطینی لاپتہ ہیں جب کہ 36 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔

پسندیدہ مضامین

انٹرنیشنلغزہ : اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا باقاعدہ آغاز