29.9 C
Karachi
Saturday, February 24, 2024

معروف ویسٹ انڈیز کرکٹر پر 6 سال کی پابندی عائد

ضرور جانیے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویسٹ انڈیز کے سابق بلے باز مارلن سیموئلز پر 6 سال کی پابندی عائد کردی ہے۔

آئی سی سی کے مطابق مارلن سیموئلز پر امارات کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر 2019 میں ابوظہبی ٹی 10 لیگ میں کرناٹک ٹسکرز کا حصہ تھے لیکن ٹورنامنٹ میں ٹیم کی نمائندگی نہیں کی تھی۔

کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ مارلن سیموئلز پر ستمبر 2021 میں چار الزامات عائد کیے گئے تھے اور رواں سال اگست میں انہیں اس جرم کا مرتکب پایا گیا تھا۔

آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈ ز کے سربراہ ایلکس مارشل کے مطابق ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر نے تقریبا دو دہائیوں سے بین الاقوامی کرکٹ کھیلی ہے اور وہ تمام قواعد و ضوابط سے بخوبی واقف ہیں۔ خلاف ورزی ایک سنگین جرم ہے۔
مارسل سیموئلز 2012 اور 2016 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈین کے ٹاپ اسکورر تھے اور انہوں نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ 2018 میں کھیلا تھا جبکہ ویسٹ انڈین بلے باز نے 2020 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر پر 2008 میں پیسے اور فوائد لینے کا جرم ثابت ہونے پر دو سال کی پابندی بھی عائد کی گئی تھی۔

پسندیدہ مضامین

کھیلمعروف ویسٹ انڈیز کرکٹر پر 6 سال کی پابندی عائد