15.9 C
Karachi
Friday, February 23, 2024

کراچی میں آج بھی بارش اور موسم مزید سرد ہونے کا امکان

ضرور جانیے

کراچی میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

گزشتہ روز شہر میں موسم سرما کی پہلی بارش کے ساتھ سردی کا احساس بڑھ گیا ہے، رات کے وقت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 18.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ہے، شمال مشرق سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

دوسری جانب ماہر موسمیات اویس حیدر کا کہنا ہے کہ کراچی میں بوندا باندی یا ہلکی بارش کے کچھ امکانات ہیں، اس کے علاوہ کراچی شہر میں آج سے سردی کی شدت دیکھی جائے گی۔

اویس حیدر کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے، دسمبر میں بھی کراچی میں چند اسپیل بارش کا امکان ہے، رواں سال موسم سرما کی شدت گزشتہ سال کے مقابلے میں کم رہنے کا امکان ہے۔

نومبر میں ہوائی اڈے نے 24 گھنٹوں میں بارش کا 10 سالہ ریکارڈ توڑ دیا

محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ایئرپورٹ پر 5.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کے ساتھ ہی نومبر میں 24 گھنٹوں میں ہونے والی بارش کا 10 سالہ ریکارڈ ایئرپورٹ پر ٹوٹ گیا۔

اس سے پہلے نومبر ۲۰۱۴ میں ۴ء۶ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

اس کے علاوہ ٹھٹھہ، حیدرآباد، ٹنڈوالہیار اور دادو میں بھی بارش ہوئی جس سے موسم ٹھنڈا ہوگیا۔

محکمہ موسمیات نے آج سندھ کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

دوسری جانب شمالی بلوچستان میں شدید سرد ہواؤں کے باعث مختلف علاقوں میں درجہ حرارت گر گیا ہے۔

پسندیدہ مضامین

موسمکراچی میں آج بھی بارش اور موسم مزید سرد ہونے کا امکان