25.9 C
Karachi
Friday, April 19, 2024

پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر مبینہ پٹرول بم حملہ، الیکشن کمیشن نے کارروائی کی ہدایات جاری کر دی

ضرور جانیے

چیف الیکشن کمشنر نے لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر رات گئے ہونے والے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو ہدایات جاری کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

گزشتہ رات لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر نامعلوم مسلح افراد نے پٹرول بم سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں دفتر کے دروازے پر لگے بینرز اور پینافلیکس جل کر راکھ ہو گئے۔

لاہور میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 162 سے امیدوار منظر عباس کھوکھر کے دفتر پر نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر پٹرول بم سے حملہ کیا۔

منظر عباس کھوکھر کے مطابق نامعلوم افراد صبح سویرے گیٹ پر پٹرول بم پھینک کر فرار ہوگئے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے پیپلز پارٹی کے دفتر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ مخالفین نے انتخابی دفتر پر پٹرول بم سے حملہ کیا جو تشویشناک اور قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس بھی ہماری ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کر رہی ہے اور پنجاب پولیس اور الیکشن کمیشن کے حکام اس واقعے کا سخت نوٹس لیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس حلقے سے الیکشن لڑ رہے ہیں، ان کے انتخابی دفتر پر حملے سے ظاہر ہوتا ہے کہ کچھ لوگ ان کی پرجوش انتخابی مہم اور پنجاب میں استقبال سے پریشان ہیں۔

پیپلز پارٹی پنجاب کے قائم مقام صدر رانا فاروق سعید نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ متعلقہ پولیس نے ابھی تک ہمارے امیدوار کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بجائے درخواست گزار کو ہفتہ کے روز تھانے بھیج دیا۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو فوری ایف آئی آر درج کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

سینیٹر تاج حیدر نے پی پی 162 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار منظر عباس کے انتخابی دفتر پر حملے کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کو خط بھی لکھا۔

انہوں نے کہا کہ پی پی 162 دراصل این اے 127 سے متعلقہ حلقہ ہے جہاں سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری الیکشن لڑ رہے ہیں اور اس علاقے میں سیکیورٹی کو کوئی بھی خطرہ انتہائی سنگین معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی اور سی پی او لاہور کو ہدایت کی جائے کہ حملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور علاقے میں امن بحال کیا جائے۔

پسندیدہ مضامین

پاکستانپیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر مبینہ پٹرول بم حملہ، الیکشن کمیشن...