ہیوسٹن: امریکا میں پاکستانی نژاد خاتون ڈاکٹر کو اندھا دھند چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق ریاست ہیوسٹن میں مقیم پاکستانی نژاد چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر طلعت جہاں کو ان کے گھر کے باہر چاقو کے وار کرکے قتل کردیا گیا۔ حملہ آور نے ڈاکٹر طلعت جہاں پر کئی بار چاقو سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔
پولیس نے ڈاکٹر طلعت جہاں پر چاقو سے حملہ کرنے والے سفید فام شخص کو گرفتار کرلیا جس کی شناخت 24 سالہ مائیلز جوزف فریڈرک کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے قتل کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ڈاکٹر طلعت کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ وہ حملہ آور کو نہیں جانتی تھیں کیونکہ انہوں نے کبھی اس شخص کا نام اس نام سے نہیں لیا تھا۔ ڈاکٹر طلعت رواں سال جولائی میں واشنگٹن سے ٹیکساس منتقل ہوئے تھے۔
ڈاکٹر طلعت کا ایک 23 سالہ بیٹا اور ایک 14 سالہ بیٹی ہے۔ وہ ایک بہت ہی قابل ماہر امراض اطفال ہونے کی وجہ سے مشہور تھیں۔