15.9 C
Karachi
Friday, February 23, 2024

غزہ پٹی میں اسرائیلی بمباری سے مزید 142 فلسطینی شہید، 278 زخمی

ضرور جانیے

غزہ کی پٹی میں اسرائیلی بمباری سے مزید 142 فلسطینی شہید اور 278 زخمی ہو چکے ہیں۔ 7 اکتوبر سے اب تک غزہ کی پٹی پر صیہونی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 24 ہزار 987 سے تجاوز کرچکی ہے۔

غزہ شہر کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی فوج کے حملے اور فائرنگ سے مزید 77 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے جب کہ العمل اسپتال کے قریب بھی شدید فائرنگ کی گئی۔

فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ میں 12 خاندانوں کا قتل عام کیا۔ ان حملوں کی وجہ سے بے گھر ہونے والے افراد میں وبائی امراض بھی پھیل رہے ہیں۔ کم از کم چار لاکھ شہری وبائی امراض کا شکار ہو چکے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے 60 ہزار حاملہ خواتین کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق غزہ کی 85 فیصد آبادی اسرائیلی حملوں سے بے گھر ہو چکی ہے اور قحط اور بیماری پھیلنے کا خدشہ ہے۔

یونیسیف کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ کے دوران 20 ہزار بچے پیدا ہوئے۔

دوسری جانب غزہ میں 8 روز کی مسلسل بلیک آؤٹ کے بعد انٹرنیٹ سروسز بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں۔

دریں اثنا اسرائیل نے غزہ میں جھڑپوں کے دوران ایک اور فوجی کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے، صیہونی حکومت کا کہنا ہے کہ جنگ کئی ماہ تک جاری رہے گی۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو سے فون پر رابطہ کیا اور فلسطینی شہریوں کو نقصان پہنچانے کی ذمہ داری پر تبادلہ خیال کیا۔

اسرائیلی وزیر اعظم سے گفتگو کے دوران امریکی صدر نے جنگ بندی کا مطالبہ کرنے سے گریز کیا۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو کی جنگ زدہ حکومت کے خاتمے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

پسندیدہ مضامین

انٹرنیشنلغزہ پٹی میں اسرائیلی بمباری سے مزید 142 فلسطینی شہید، 278 زخمی